Got a TV Licence?

You need one to watch live TV on any channel or device, and BBC programmes on iPlayer. It’s the law.

Find out more
I don’t have a TV Licence.

لائیو رپورٹنگ

time_stated_uk

  1. لاہور میں ایک بے گھر شخص

    پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاری ہے اور ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد چار ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ اموات کی تعداد 60 ہے۔

    Catch up
    next
  2. یہ صفحہ اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا

    بی بی سی اردو کی پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ اور اس سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں لائیو کوریج جاری ہے۔ تازہ ترین معلومات کے لیے یہاں کلک کریں

  3. بریکنگخیبر پختونخوا: گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو ہلاکتیں، 33 نئے متاثرین

    پاکستان میں متاثرین کی مجموعی تعداد 3157، ہلاکتوں کی کُل تعداد 47

    کورونا
    Image caption: (فائل فوٹو)

    صوبہ خیبر پختونخوا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووِڈ-19 کے 33 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کووِڈ-19 کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 405 ہوگئی ہے۔

    صوبائی محکمہ صحت کے مطابق اسی دورانیے میں ضلع سوات سے تعلق رکھنے والے دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ دونوں کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور دونوں کی عمر 60 سے زائد بتائی جاتی ہے۔

    چنانچہ اب ملک میں کووِڈ-19 کے مجموعی متاثرین کی تعداد 3157 جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 47 ہوگئی ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں ہلاکتوں کی کُل تعداد 16 ہے۔

    محکمہ صحت کے مطابق اب تک صوبے میں 2882 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے کُل 1204 افراد کے نتائج منفی اور 405 کے مثبت آئے ہیں جبکہ 1273 مشتبہ متاثرین کے ٹیسٹ کے نتائج ابھی آنے باقی ہیں۔

    صوبے میں کووِڈ-19 سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 62 ہے۔

  4. سندھ: معتدل علامات کے حامل مریضوں کو ایکسپو سینٹر منتقل کیا جائے گا

    محکمہ صحت سندھ نے فیصلہ کیا ہے کہ چھ اپریل سے صوبے میں کووِڈ-19 کے تمام متاثرین چاہے علامات کے بغیر ہوں یا معتدل علامات رکھتے ہوں، انھیں ایکسپو سینٹر کراچی میں قائم کیے گئے فیلڈ آئسولیشن سینٹر میں منتقل کیا جائے گا۔

    کراچی کے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کے نام جاری کردہ خط میں کراچی کے ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ معتدل سے شدید علامات کے حامل کورونا کے مریضوں کو اپنے اپنے ہسپتالوں میں قائم کیے گئے آئسولیشن وارڈز میں رکھیں۔

    کورونا
  5. پنجاب میں فلاحی سرگرمیوں کے لیے سرکاری اجازت لازمی قرار

    لاک ڈاؤن کے بعد پاکستان کے مختلف علاقوں میں عوام اور اداروں کی جانب سے فلاحی سرگرمیاں جاری ہیں تاہم اب صوبہ پنجاب کی حکومت نے فلاحی سرگرمیوں کے لیے نئے قواعد و ضوابط جاری کر دیے ہیں۔

    ریلیف کمشنر بابر حیات تارڑ کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام فلاحی سرگرمیاں چاہے وہ انفرادی ہوں یا اجتماعی سطح پر ہوں، اب پی ڈی ایم اے کے تحت ہوں گی۔

    کورونا، پنجاب

    نوٹیفیکیشن کے مطابق یہ اقدام عوامی صحت کے تحفظ اور سماجی دورے کے ضوابط کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔

    نوٹیفیکشن میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص یا ادارہ خود فلاحی سرگرمی کرنا چاہتا ہے تو اسے اپنے ضلع کے ڈپٹی کمشنر سے اجازت لینی ہوگی، اور خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف فوجداری قوانین کے تحت کارروائی ہوگی۔

    نیا حکم نامہ پانچ اپریل تاحکم ثانی نافذ العمل رہے گا۔

    کورونا، پنجاب
  6. کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر پورے پاکستان میں جزوی یا مکمل لاک ڈاؤن کا نفاذ ہے۔ گذشتہ ہفتے ملک میں پیش آئے اہم واقعات کی تصویری جھلکیاں۔

  7. کراچی: قائدآباد، ملحقہ علاقوں میں ہسپتالوں کی او پی ڈیز بند کرنے کا فیصلہ

    صوبائی وزیر برائے انسانی بستی غلام مرتضیٰ بلوچ نے کراچی کے علاقوں قائد آباد اور گلستان سوسائٹی میں نو افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے پر قائد آباد سمیت ملحقہ علاقے میں سرکاری و نجی ہسپتالوں میں او پی ڈیز کو فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    غلام مرتضیٰ بلوچ کی صدارت میں کورونا وائرس سے متعلق اجلاس میں ضلعی ہیلتھ افسر ملیر ڈاکٹر احمد علی میمن نے ضلع ملیر کے علاقوں قائد آباد اور گلستان سوسائٹی میں کورونا وائرس کے متاثرین سامنے آنے کے بارے میں بریفنگ دی۔

    صوبائی وزیر کی ہدایت پر ضلعی ہیلتھ افسر ملیر نے چھ اپریل سے قائد آباد کے علاقوں میں او پی ڈیز بند کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔

    چنانچہ پیر کے روز سے ہسپتالوں میں صرف ایمرجنسی کے شعبوں کو کھلا رکھا جائے گا۔

  8. ڈی جی خان قرنطینہ مرکز: طبی عملے کے مزید 19 افراد میں وائرس کی تصدیق، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن

    محمد زبیر خان، صحافی

    کورونا

    ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب نے بتایا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ مرکز میں خدمات انجام دینے والے طبی عملے کے مزید 19 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    تنظیم کے صدر ڈاکٹر سلیمان حسیب کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں مجموعی طور پر طبی عملے کے 30 افراد متاثر ہوچکے ہیں جن میں 18 ڈاکٹر ہیں جبکہ باقی نرسیں اور طبی عملہ شامل ہیں۔

    ڈاکٹر سلیمان نے کہا کہ بظاہر حکومت کو معاملے کی سنگینی کا اندازہ نہیں ہے جس کی وجہ سے ابھی تک طبی عملے کو مناسب حفاظتی سامان فراہم نہیں کیا گیا ہے اور نتیجتاً طبی عملہ بہت تیزی سے اس وائرس سے متاثر ہو رہا ہے۔

    ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن صوبہ خیبر پختونخوا کے سینیئر نائب صدر ڈاکٹر علی رضا کا کہنا تھا کہ ’جب بھی حکومت سے بات کریں تو وہ کہتے ہیں کہ سامان پہنچا دیا گیا ہے، جب ان کو بتائیں کہ طبی عملے کا ایک اور رکن متاثر ہوچکا ہے تو کہتے ہیں کہ سامان پہنچا رہے ہیں۔‘

    انھوں نے کہا ’ہمیں تو سمجھ نہیں آتا کہ اگر یہی صورتحال رہی اور طبی عملہ ہی قرنطینے میں پہنچ گیا تو پھر وائرس کے خلاف کون لڑے گا؟َ‘

    ڈاکٹر علی رضا کا کہنا تھا کہ اس وقت پورے ملک میں متاثر ہونے ڈاکٹروں کی تعداد 40 سے اوپر ہوچکی ہے اور اتنی ہی تعداد دیگر طبی عملے کی بھی ہے۔

  9. پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر: 'بیرونِ ملک مقیم افراد حفاظت کے پیشِ نظر واپس نہ آئیں'

    ایم اے جرال، صحافی

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں مقیم اس خطے کے باسیوں سے اپیل کی ہے وہ اپنی اور اپنے خاندان والوں کی حفاظت کی خاطر پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کا رخ نہ کریں۔

    اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انھوں نے کہا کہ اس خطے میں اب تک جتنے بھی کورونا وائرس کے کیس سامنے آئے ہیں، وہ سب بیرون ملک سے آئے ہیں۔

    اس سے قبل انھوں نے ٹوئٹر پر بھی اپنے پیغام میں کہا تھا کہ اس خطے کی حکومت اب کسی کو یہاں داخل نہیں ہونے دے گی۔

    View more on twitter
  10. بریکنگسکھر قرنطینہ مرکز میں مزید 66 مریض صحت یاب

    سندھ کے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے بتایا ہے کہ کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد سکھر قرنطینہ مرکز سے آج مزید 66 افراد کو ان کے گھروں کو روانہ کردیا جائے گا۔

    انھوں نے بتایا کہ سکھر قرنطینہ مرکز میں موجود کورونا کے شکار افراد کے دوبارہ دو کورونا ٹیسٹ کیے گئے اور تمام افراد کے دونوں ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

    ان کے مطابق ڈاکٹروں کی تجویز پر 66 مریضوں کوآج ان کے گھروں کو روانہ کیا جا رہا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ ان افراد کا تعلق سندھ کے مختلف اضلاع سے ہے اور انھیں اپنے اپنے علاقوں تک جانے کے لیے سندھ حکومت ٹرانسپورٹ فراہم کرے گی۔

  11. بلوچستان: ڈپٹی کمشنروں کو مستحق افراد کے لیے 76 کروڑ 50 لاکھ روپے فراہم

    محکمہ خزانہ حکومت بلوچستان نے لاک ڈاؤن کے باعث متاثر ہونے والے افراد کو راشن کی فراہمی کے لیے 76 کروڑ 50 لاکھ روپے جاری کر دیے ہیں۔ یہ رقم ہر ضلعے میں مستحق افراد کی تعداد کے حساب سے متعلقہ ڈپٹی کمشنروں کو جاری کی گئی ہے۔

    دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے تمام اضلاع میں مستحقین اور دیہاڑی دار طبقے کو راشن کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں وزیرِ اعلیٰ نے کہا ہے کہ راشن فراہمی کے پہلے مرحلے میں ڈیڑھ لاکھ خاندان مستفید ہوں گے۔

    View more on twitter
  12. بلوچستان: مزید تین لوگوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد مجموعی تعداد 192

    محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق صوبے میں تین مزید افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد بلوچستان میں متاثرین کی مجموعی تعداد 192 ہوگئی ہے۔

    مجموعی طور پر آج بلوچستان میں سات اشخاص میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    سرکاری اعلامیے کے مطابق اتوار کو بلوچستان میں 264 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد اب تک 2777 افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

    اب تک کُل 30 افراد اس مرض سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    View more on twitter
  13. ازبکستان میں لاک ڈاؤن کی کہانی وہاں پھنسے ایک پاکستانی کی زبانی

    گذشتہ ماہ پاکستانی شہری سید انصر مہدی ازبکستان کے شہر تاشقند پہنچے تھے۔ بعدازاں ازبکستان میں کورونا کے مصدقہ متاثرین سامنے آنے کے بعد ملک میں لاک ڈاؤن کر دیا گیا اور فضائی سفر پر پابندی عائد کر دی گئی۔

    سید انصر مہدی نے ازبکستان سے بی بی سی کو یہ ویڈیو بھیجی ہے جس میں وہ لاک ڈاؤن کا احوال بتا رہے ہیں۔

    View more on youtube
  14. مردان: یونین کونسل منگا کو ڈی سیل کر دیا گیا

    صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مردان کی یونین کونسل منگا کو ڈی سیل کر دیا گیا ہے اور اسے کھولنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ کے اعلامیے کے مطابق نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد سے ڈاکٹر معین نے یوسی منگا کا دورہ کیا تھا جس کے بعد ضلعی انتظامیہ کی میٹنگ میں علاقے کو ڈی سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    یاد رہے کہ دو ہفتے قبل یو سی منگا میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تصدیق ہونے کے بعد علاقے کو سیل کر دیا گیا تھا۔

    گذشتہ روز صوبے کے وزیرِ صحت تیمور سلیم خان جھگڑا نے ٹوئٹر پر اطلاع دی تھی کہ منگا میں 109 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جو کہ تمام کے تمام منفی آئے ہیں۔

    View more on twitter

    یوسی منگا میں 20 سے زائد دیہات ہیں اور انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈی سیل کرنے سے قبل پورے علاقے کو صاف کیا جائے اور جراثیم کش سپرے کیا جائے۔

  15. خیبر پختونخوا: صحت یاب ہونے والے افراد سے پلازمہ کے حصول کے لیے کمیٹی قائم

    کورونا، اجمل وزیر

    وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اجمل وزیر نے کہا ہے کہ محکمہ صحت نے کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں سے پلازمہ لینے کی تیاری کے لیے سینیئر ڈاکٹروں پر مشتمل پانچ رکنی کمیٹی بنا دی ہے۔

    وہ پشاور میں میڈیا بریفنگ سے خطاب کر رہے تھے۔

    انھوں نے بتایا کہ یہ کمیٹی پیسو امیونائزیشن کے لیے خون سے پلازمہ نکالے گی جو کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے استعمال ہوگا۔

    انھوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے صوبائی حکومت کے بروقت اقدامات کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں اور مردان کے گاؤں منگا سے کورونا وائرس ٹیسٹ کے لیے لیے گئے 109 نمونے منفی آئے ہیں جس کی تصدیق نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ نے کر دی ہے۔

    مشیر اطلاعات نے ریلیف پیکج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے ریلیف پیکج کو وزیرِ اعظم عمران خان کے احساس پروگرام کے تحت تقسیم کریں گے جس سے 21 لاکھ 50 ہزار خاندان مستفید ہوں گے۔

    ’احساس پروگرام کے تحت پہلے یکمشت 4 مہینوں کے 12 ہزار روپے ہر خاندان کو ملیں گے جبکہ چند ہفتوں میں تین مہینوں کے چھ ہزار روپے یکمشت خیبر پختونخوا حکومت دے گی۔’

    انھوں نے بتایا کہ پیکج کی تقسیم کے لیے صوبے بھر میں 3600 پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔

    ’وفاقی حکومت کے ساتھ اس حوالے سے مکینزم بنایا گیا ہے اور یہ سب منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے آن لائن ہو گا۔‘

    اجمل وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان نے موجودہ ایمرجنسی صورتحال میں تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کی دیکھ بھال کی بھی خصوصی ہدایات جاری کی ہے تاکہ انھیں خون کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ ہو۔

  16. بحری فوج کی جانب سے ماہی گیر بستیوں میں راشن کی تقسیم

    کورونا

    پاکستان کی بحری فوج نے ساحلی علاقوں سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے افراد میں راشن تقسیم کیا ہے۔

    ترجمان پاکستان نیوی کے مطابق راشن کراچی کی ماہی گیر بستیوں کے رہائشیوں سمیت مختلف اداروں کے کم آمدنی والے افراد میں تقسیم کیا گیا۔

    اس کے علاوہ لاہور اور اسلام آباد میں بھی کچی آبادیوں میں اشیائے ضروریہ تقسیم کی گئیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ پاکستان نیوی امدادی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم بھی چلا رہی ہے۔

  17. پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر: منفی شخص کے دوسری مرتبہ ٹیسٹ پر مثبت نتیجہ، متاثرین کی کُل تعداد 15

    ایم اے جرال، صحافی

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی نے بتایا ہے کہ ضلع کوٹلی میں ایک 59 برس کے شخص میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد اس خطے میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ یہ شخص گذشتہ ماہ برطانیہ سے واپس آئے تھے۔

    کمشنر میرپور محمد رقیب خان نے بی بی سی کو بتایا کہ متاثرہ شخص کے خاندان کو کوٹلی کے قرنطینہ مرکز میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ان کے علاقے کو پولیس اور فوج کی مدد سے سیل کر دیا گیا ہے۔

    محمد رقیب خان نے مزید بتایا کہ میرپور سے تعلق رکھنے والے ایک شخص جو مارچ کے پہلے ہفتے میں برطانیہ سے لوٹے تھے، پہلے ان کے ٹیسٹ این آئی ایچ میں بھیجے گئے تھے جو منفی آئے مگر میرپور میں لیبارٹری قائم ہونے کے بعد ان کے ٹیسٹ دوبارہ کیے گئے جس پر ان کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔

    ان کے مطابق متاثرہ شخص کو عارضی طور پر گھر پر الگ رکھا گیا ہے البتہ اس صورتحال کے پیش نظر حکام کی تشویش میں اضافہ ہوا ہے، چنانچہ ان کے سفر و ملاقاتوں کی تمام تر معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

  18. بریکنگاسد عمر: آئندہ چند ہفتوں میں نظامِ صحت کی صلاحیت کی آزمائش ہوگی

    کورونا، اسد عمر

    وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک بھر میں عائد کی گئی بندشوں کی وجہ سے وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملی ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ یہ آگے نہیں پھیل رہا ہے۔

    ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ قوم نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاک ڈاؤن پر عمل کر رہی ہے جس سے وائرس پھیلنے کی رفتار کم ہوئی ہے۔

    ’لیکن اس کے باوجود جس رفتار سے یہ پھیل رہا ہے، ہم آنے والے چند ہفتوں میں ہمارے نظامِ صحت کی حدوں کی آزمائش شروع ہوجائے گی۔‘

    انھوں نے کہا کہ دنیا بھر کے ماڈلز کو مدِ نظر رکھتے ہوئے یہ نظر آ رہا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں نظامِ صحت پر دباؤ میں اضافہ ہوگا لیکن انھوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت نظامِ صحت کی استعداد میں اضافے کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔

    اسد عمر نے کہا کہ حکومت کو کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے اقتصادی اثرات سے آگاہ ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ابھی یہ نہیں کہا جا سکتا کہ 14 اپریل کے بعد لاک ڈاؤن کا لائحہ عمل کیا ہوگا۔

  19. بریکنگپنجاب میں 184 نئے متاثرین سامنے آ گئے، صوبے میں متاثرین کی کل تعداد 1380 ہوگئی

    کورونا

    محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے 184 نئے متاثرین سامنے آ گئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مصدقہ متاثرین کی کُل تعداد 1380 ہوگئی ہے۔

    محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کو انتظامی لحاظ سے 4 درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں زائرین، تبلیغی ارکان، قیدی اور عام شہری شامل ہیں۔

    اب تک 309 زائرین، 443 تبلیغی جماعت کے ارکان، 28 قیدیوں اور 600 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

    متاثرہ زائرین کی تفصیل

    ڈیرہ غازی خان میں 213، ملتان میں 91 اور فیصل آباد میں پانچ زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    متاثرہ تبلیغی ارکان کی تفصیل

    رائے ونڈ مرکز میں 359، منڈی بہاؤالدین میں تین، سرگودھا اور وہاڑی میں 13، راولپنڈی میں چھ، ننکانہ اور رحیم یار خان میں دو، گجرات میں آٹھ، بھکر اور راجن پور میں ایک، خوشاب میں چار، اور حافظ آباد میں 31 تبلیغی ارکان میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔

    ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق رائے ونڈ اجتماع میں شرکت کرنے والے 10 ہزار 263 تبلیغی ارکان کو قرنطینہ مراکز میں رکھا گیا ہے جبکہ صوبہ بھر کے 33 اضلاع میں تبلیغی ارکان کے لیے قرنطینہ مراکز بنائے گئے ہیں۔

    کورونا

    متاثر ہونے والے عام شہریوں کی تفصیل

    عام شہروں میں سب سے زیادہ لاہور میں کورونا وائرس کے 260 مصدقہ متاثرین،ننکانہ میں 13، قصور میں آٹھ، اٹک اور شیخوپورہ میں ایک، راولپنڈی میں 57، جہلم میں 29، گوجرانوالہ 31، سیالکوٹ میں سات، ناروال میں پانچ، گجرات میں 93، حافظ آباد میں چھ، منڈی بہاؤالدین میں 14، ملتان میں چار، وہاڑی اور فیصل آباد میں 9، چینیوٹ اور سرگودھا میں 5، رحیم یار خان، بہاولپور، لودھراں اور میانوالی میں تین، بہاولنگر میں 10، ڈی جی خان میں 18، اور خوشاب، لیہ اور اوکاڑہ میں ایک ایک مصدقہ متاثرین ہیں۔

    ترجمان کے مطابق اب تک پنجاب کے 27 اضلاع سے کورونا وائرس کے مریض رپورٹ ہو چکے ہیں اور تمام مصدقہ متاثرین آئسولیشن وارڈز میں داخل ہیں۔

    انھوں نے یہ بھی بتایا کہ قیدی مریضوں کی مناسب دیکھ بھال کے لیے تفصیلی معیاری طریقہ کار محکمہ داخلہ کو دیا جا چکا ہے جبکہ دیگر قیدیوں کو کورونا سے بچانے کے لیے تفصیلی لائحہ عمل بھی جاری کیا جا چکا ہے۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر

  20. وسعت اللہ خان

    تجزیہ کار

    بات سے بات وسعت اللہ خان کا کالم

    فیض صاحب جب تخت گِرا رہے تھے اور تاج اچھال رہے تھے یا پھر ’وہ دن کہ جس کا وعدہ ہے ہم دیکھیں گے‘ لکھ رہے تھے تو انھیں کیا معلوم تھا کہ ایک دن یہ نظمیں انسان کے سوا کرہِ ارض کے ہر جاندار اور تازہ ہوا کو ترستے آسمان کا ترانہ بن جائیں گی۔

    مزید پڑھیے
    next